اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے کوشاں ہے جب کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک نے اگر ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ٹی آئی نے 9 مئی کو ملکی دفاع پر حملے کیے گئے، انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا گیا، ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا ،پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں آسکتا ہے ۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کیس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا ،حکومت نے فیصلہ کیا ہے سابق صدر عارف علوی، بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا، عمران خان بدترین رہنما ہے اس نے بہن بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنے کی روایات ڈالی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنا ہماراحق ہے ۔ ہمارے اخلاق ، تحمل اور برداشت کو کمزوری سمجھا گیا، ان لوگوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا، یہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے ، ہمیں سیاسی تربیت دی گئی ہے کہ سیاسی مخالفین کی عزت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ پر واپس وطن آئے، ماؤں بہنوں کو گرفتار کیا گیا، شہباز شریف نے پی ٹی آئی دور میں کہا تھا کہ میثاق معیشت کرنے کے لیے تیار ہیں، پی ٹی آئی ایک طرف دہشت گردوں کو پاکستان لائی اور دوسری طرف جی ایچ کیو پر حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان اس حملے میں ملوث تھا ، آپ اس سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی پر پابندی کے لئے جواز موجود ہے، تحریک انصاف نے آئین کی خلاف ورزی کی، ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر پہنچایا اور سائفر کے ساتھ کھلواڑ کیا، ملک دشمن قوتوں کو تقویت دی اور اپنے سیاسی فائدے کے لئے ملک کا نقصان کیا ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی جائے گی، اس فیصلے میں قانونی سقم ہیں جس کی وجہ سےنظرثانی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کو وہ حق دیا گیا جس کا وہ حق نہیں رکھتی، آپ نے کوشش کی کہ ملک میں عدم استحکام ہو، انتشار ہو، یہاں کبھی بھی استحکام نہ آئے ، فارن فنڈنگ آپ کے پاس ہے، یہودی لابی آپ کو سپورٹ کرتی ہے+ ۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے آئی ایم ایف کی ڈیل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، جب فلسطین پر حملے ہورہے ہیں تو ان کے رہنما اسرائیلی بزنس مین کے ساتھ کھانے کیوں کھا رہے تھے، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کریں گے۔
