اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی جانب سے پاکستانی معاشی ترقی کی رفتار میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارے نے بین الاقوامی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس حوالے سےبتایا گیا ہے کہ پاکستان میں جاری مالی سال 2024-25ء میں معاشی ترقی کی رفتار 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے اپنی ورلڈ اکنامک آوٴٹ لک اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں عالمی سطح پر اجناس کی قیمتیں بڑھنے کی پیش گوئی کے ساتھ پاکستان میں معاشی ترقی کی رفتار بڑھنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں معاشی ترقی کا ہدف 3.6 فیصد مقررکیا ہے جب کہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں معاشی شرح نمو 2 فیصد تھی۔عالمی معیشت اس سال 3.3 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔
آئی ایم ایف کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی اور شرح سود بلند سطح پر رہنے کا امکان ہے۔ پالیسی ریٹ میں سال کے دوسرے حصے میں کمی کا امکان ہے۔ عالمی معیشت کے لیے ایکسٹرنل، فسکل اور فنانشل خطرات موجود ہیں،انرجی اور فوڈ پرائسز بتدریج کورونا سے پہلے والی سطح پر آجائیں گی۔ عالمی سطح پر عمومی مہنگائی بلند سطح پر رہے گی۔
