حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل مرکزی نائب صدر پیر یاسر سائیں کے میڈیا کوآرڈینیٹر سینئر رہنما حیدرآباد شاہد خان اور دیگر نے اپنے بیان میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بعد عوام پر پیٹرول بم گراتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں9 روپے 99 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں جس سے ان کی قوت برداشت جواب دے گئی ہے جس کا رد عمل حکومت کو لے ڈوبے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، انہیں خود بھی سمجھ آگیا ہے کہ ان کی حکومت اب زیادہ دن ٹکنے والی نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ خود کو بچانے کے لیے ملک کی معیشت کو دائو پر لگا رہے ہیں ملک کے موجودہ حالت سنگین ہو گئے ہیں، حکومت اپنی سیاست اور رٹ قائم رکھنے کے لیے او چھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے، مہنگائی پر مہنگائی کے طوفان برپا کر کے ملک کو اربوں ڈالر کا مقروض کر دیا ہے جس سے نکلنے میں نہ جانے کتنے سال لگے گے فارم47 پر قائم حکومت کے دن پورے ہو چکے ہیں اور اب ان کی حکومت ہی نہیں ان کی سیاست بھی زمین بوس ہو جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت اور آئین کے دعویدار اپنی ذاتی انا اور دشمنی کے تحت ایک سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں جبکہ حکومت کو چاہیے تھا کہ اپنی تمام انرجی ملک اور عوام کے لیے صرف کرتے اور ملک کو اس مہنگائی کے طوفان سے نکالنے میں کردار ادا کرتے ہیں لیکن یہ لوگ حکومت میں اتے ہی اسی لیے ہیں کہ اپنے کیسز ختم کروائیں اور اپنے مفاداتی اتحاد بنا کر ملک اور عوام پر مسلط ہو کر بیرونی ممالک اپنی جائیدادیں بنائیں اور عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کریں، یہی ان کا طرز عمل رہا ہے لیکن عوام اب باشعور ہو چکی ہے مزید ظلم برداشت نہیں کرے گی، حکومت ہوش کے ناخن لے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، کہیں مہنگائی کا یہ طوفان حکومت کو بہا نہ لے جائے۔