ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عدالتی نظام 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو ڈھیل دے گا تو مزید انتشار پھیلے گا،پاک فوج

راولپنڈی(خبرایجنسیاں)پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہعدالتی نظام 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو ڈھیل دے گا تو مزید انتشار پھیلے گااور فسطائیت بڑھے گی۔ ملکی سیکورٹی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے بعد انتشاری ٹولے نے پروپگینڈا کیا کہ فوج نے جتھوں کو گولی کیوں نہیں ماری، اس کا مطلب ہے فوج نے یہ واقعہ خود کرایا، فوجی ایس او پیز کے مطابق تنصیبات پر حملہ ہو تو پہلے وارننگ دی جاتی ہے، پھر ہوائی فائرنگ اور پھر جواب دیا جاتا ہے،9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو ڈھیل دینے اور کیفر کردار تک نہ پہنچانے کے نتیجے میںبنوںواقعہ ہوا۔فوجی ترجمان کے بقول آپریشن عزم استحکام فوجی آپریشن نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف ایک مربوط مہم ہے،اس میں اتفاق رائے ہوگا اور جاری انسداد دہشت گردی مہم کو مؤثر قانون سازی کے ذریعے بااختیار بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہعزم استحکام سے متعلق 22 جون کو اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ ہوا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کو عزم استحکام کے نام سے منظم کیا جائے گا اور قومی دھارے کے تحت اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا، عزم استحکام کا مقصد دہشت گردوں اور جرائم پیشہ مافیا کا تعلق ختم کرنا ہے ،اس اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری ہوا اور ایک کنفیوژن پھیل گئی، بیانیہ بنادیا گیا کہ آپریشن ہورہا ہے اور لوگوں کو ان کے علاقوں سے نکالا جارہا ہے، قومی وحدت کے معاملے کو بھی سیاست کی نذر کردیا گیا،عزم استحکام کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔احمد شریف کے مطابق وزیراعظم کے اعلامیے میں واضح کہا گیا کہ پہلے نوگو ایریاز کی وجہ سے لوگ بے گھر ہوئے تھے جبکہ اس بار ملک میں کوئی نوگوایریا نہیں اس لیے کسی کو گھر سے نکالا نہیں جائے گا، اس کے باوجود ایک بہت بڑا سیاسی مافیا کھڑا ہوگیا کہ یہ آپریشن عزم استحکام نہیں کرنے دینا، ایک مضبوط متحرک لابی چاہتی ہے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے مقاصد حاصل نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں فوج کے خلاف منظم پروپیگینڈے اور جھوٹی خبروں میں اضافہ ہوا ہے، بڑھتے جھوٹ اور پروپیگینڈے کے پیش نظر ہم نے تواتر سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر آرمی چیف اور فوج کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی ہورہی ہے، حقیقی دہشت گرد اور ڈجیٹل دہشت گرد ایک ہی کام کررہے ہیں، ڈیجیٹل دہشت گرد انٹرنیٹ پر جھوٹی خبروں کے ذریعے اپنی رٹ قائم کرتا ہے، جس کا جو دل چاہے کہہ دیتا ہے، فوجی قیادت کے خلاف بے ہودہ باتیں ہوتی ہیں، ڈیجیٹل دہشت گرد کا بعض اوقات پتا بھی نہیں چلتا کہ کون ہے کہاں بیٹھا ہے؟ ڈیجیٹل دہشت گرد کو قانون اور مانیٹرنگ کے ذریعے روکنا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ رواں سال سیکورٹی فورسز نے 22409 انٹیلی جنس آپریشن کیے، جن کے دوران 31 انتہائی مطلوب دہشت گردوں سمیت 398 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ 137 افسر اور جوانوں شہید ہوئے، روزانہ کی بنیاد پر 112 آپریشنز کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 32 ہزار سے زاید مدارس ہیں جن میں سے 16 ہزار رجسٹرڈ ہیں اور 50 فیصد رجسٹرڈ نہیں، باقی مدارس کہاں ہیں اور کون انہیں چلارہا ہے، کیا یہ فوج نے کرنا ہے؟انہوں نے کہا کہ لاکھوں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پاکستان میں موجود ہیں جس میں اربوں کا کاروبارہو رہا ہے، انہی گاڑیوں میں دہشت گرد بھی آپریٹ کرتے ہیں، ملک کے کچھ علاقوں میں یہ عام بات ہوگئی ہے کہ بغیر کاغذ کے گاڑی چل سکتی ہے جس کے نمبر کا کچھ پتا نہیں، بے نامی پراپرٹیز اور اکاؤنٹس بھی ہیں، اسے برداشت کریں گے تو اس میں دہشت گرد بھی آپریٹ کریں گے۔فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بنوں امن مارچ میں مسلح لوگ شامل ہوئے، جنہوں نے جائے وقوعہ پر فائرنگ کی، دیوار کو گرادیا اور راشن ڈپو کو لوٹا، فوجی نے ایس او پیز کے مطابق بالکل درست ردعمل دیا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ بنوں واقعے میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے فوج کی نہیں، احتجاجی مجمع میں شامل ہوکر شرپسند عناصر فائرنگ کرکے لوگوں کو قتل کرتے ہیں، تو یہ ذمے داری وہاں کی حکومت، پولیس اور انتظامیہ کی ہے، یہ سمجھ نہیں آتا کہ اپنی سیاسی جماعت اور صوبائی حکومت کیخلاف کس بات کا احتجاج کرایا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بنوں واقعے پر عوام کا پرامن احتجاج بالکل ہونا چاہیے، دہشت گردوں کیخلاف مارچ کریں۔انہوں نے فیض آباد میں دیے گئے ٹی ایل پی کے حالیہ دھرنے میں فوج کا کردار مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کا موضوع فلسطین تھا، کل کو جماعت اسلامی بھی اسلام آباد میں دھرنا دے گی تو لوگ دعویٰ کریں گے اس کے پیچھے فوج کا ہاتھ ہے، حکومت اور ادارے فلسطین کے موضوع کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دھرنے کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ پروپیگینڈا شروع ہوگیا کہ اس میں فوج کا ہاتھ ہے۔علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ اور رؤف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ’ریاست مخالف پروپیگنڈے‘ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو گرفتار کیا اور ابتدائی تفتیش و ڈیجیٹل مواد کی روشنی میں پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا وِنگ پر اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔وزارت داخلہ کے مطابق چھاپے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات (ترجمان) رؤف حسن کو گرفتار کیا گیا جن سے ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور پروپیگنڈے کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہے، جس کی تحقیقات کیلیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں