ڈارون (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان شاہینز نے بنگلا دیش اے کو پہلے 4 روزہ کرکٹ میچ میں148رنز سے شکست دے دی ۔پاکستان شاہینز کی اس جیت میں لیفٹ آرم ا سپنر مہران ممتاز اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ نیفیصلہ کن کردار ادا کیا۔ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلا دیش اے کو جیتنے کے لیے 428 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن مہران ممتاز اور شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں بنگلا دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔مہران ممتاز نے 84رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں شاہنواز دھانی نے 57 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔بنگلادیش اے نے میچ کے آخری روز 20 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کیلیے 50اور دوسری وکٹ کیلیے 69رنز کی شراکت قائم کی۔ ایک موقع پر 190 رنز پر اس کی صرف 3 وکٹیں گری تھیں لیکن 36 رنز کے اضافے پر اس کی 5وکٹیں گرگئیں بنگلادیش اے کی دوسری اننگز میں امیت حسن نے 14 چوکوں کی مدد سے71 رنز اسکور کیے پرویز حسین نے57 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 2چھکے شامل تھے بنگلادیش اے کی آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 29 رنز کی وجہ سے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے کچھ انتظار کرنا پڑا تاہم محمد علی نے آخری بلے باز مقید الاسلام کو ہریرہ کے ہاتھوں کیچ کراکر جیت کو مکمل کردیا دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا4 روزہ میچ جمعہ سے اسی گرائونڈ پر کھیلا جائیگا پاکستان شاہینز پہلی اننگزمیں 3 کھلاڑی آئوٹ کیساتھ 467رنز بنا سکے جس میں محمد ہریرہ 218اور کامران غلام 100 ناٹ آئوٹ رہے۔