میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سندھڑی کے رہائشیوں کا زمینوں پر قبضے کے خلاف احتجاج، تعلقہ سندھڑی کے گوٹھ حاجی ساجن راجڑ کے رہائشیوں نے محمد سلیم راجڑ کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاج بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم راجڑ نے بتایا کہ ان کے آبائی خاندان کی 300 ایکڑ زمین ہے جس پر ان کے بڑے بھائی محمد خان راجڑ نے قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز محمد خان راجڑ نے اپنے ٹریکٹر سے میری 8 ایکڑ کپاس کی تیار فصل تباہ کر دی ہے جس سے نہ صرف میرا بلکہ غریب ہاریوں کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر پگارا کا مرید ہوں اور جماعت کے بڑوں کے پاس جو فیصلہ کیا ہے اس میں ان کے بھائی کو بھی قصور وار ٹھہرایا گیا ہے اور جماعت کے اُصول کے مطابق ان کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے میرا حصہ دینے کا وعدہ کیا تھا جس کے بعد جماعت نے اس کا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن میرے بھائی نے مجھے میری زمین نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ میری کپاس کی فصل تباہ کرنے کی پولیس کو درخواست کر دی ہے تاہم ڈی ایس پی سندھڑی ان کی پشت پناہی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔