ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ٹنڈوآدم ،میرپورخاص مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) بڑھتی ہوئی مہنگائی بجلی و گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، ناجائز سلیب سسٹم، سرکاری اداروں میں کرپشن ، امن و امان کی نازک صورتحال قتل و غارتگری ، اشرافیہ کی عیاشیوں ، پروٹوکول کلچر ، قتل و غارتگری ، لوٹ مار، دہشت گردی کے واقعات کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی کی جانب سے جامع مسجد کے باہر ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز ، پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن بجلی و گیس کے ناجائز بلوں ، ناجائز سلیب سسٹم ،مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ مشتاق احمد عادل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعتوں نے مل کر عوام پر مہنگائی کا بوجھ لاد دیا ہے، اسمبلیوں میں موجود حکومتی اتحاد کی پارٹیاں مختلف لیکن ان کے مفادات مشترکہ ہیں۔ انہوں نے کہا آئی پی پیز کے مالکان کون ہیں؟ انہیں پہچانیں جو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے ہوئے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو 76 سال سے غریب عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اشرافیہ کے وی آئی پی کلچر اور ان کے پروٹوکول میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ یہ اپنی مراعات میں اضافہ کرتے چلے جارہے ہیں، ان کے اقدامات سے ایسا لگتا ہے غریب اور مڈل کلاس طبقے کو یہ زندہ درگور کرنے پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کے ظالمانہ بلوں اور ناجائز سلیب سسٹم نے عوام کی کمر توڑ دی ہے بجلی کے بلوں میں 201 یونٹ ہونے پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا جارہا ہے اشرافیہ ،بیورو کریٹس بجلی و گیس کے بل ہی نہیں دیتے، انہیں کیا معلوم غریبوں کی کیا مشکلات ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرکے انہیں منظر عام پر لایا جائے اور جو واپڈا میں کالی بھیڑیں بجلی چوروں کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں کہا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد ڈی چوک پر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے، آئی پی پیز کمپنیوں کی لوٹ مار ،مہنگائی، بیروزگاری لاقانونیت اور اشرافیہ کی لوٹ مار کے خلاف عظیم الشان دھرنا ہو گا جس میں ملک بھر سے لوگ شرکت کریں گے۔ دوسری جانب میرپورخاص میں بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے، ناجائز ٹیرف سسٹم اور آئی پی پیز کے سنگین معاہدوں اور بدترین و جان لیوا مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کے اعلان کردہ 26 جولائی ڈی چوک اسلام آباد دھرنا میں میرپورخاص و ضلع سے شرکت کے لیے کل ضلعی و مقامی جماعتوں کے امراء کی قیادت میں ضلع بھر سے ذمہ داران و کارکنان پر مشتمل قافلہ اسلام آباد روانہ ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل نے کہا ہے کہ 26 جولائی کو ملک بھر سے لاکھوں عوام ظالمانہ نظام سے چھٹکارے اور عالمی اداروں اور ان کے ایجنٹوں سے نجات کے لیے اپنے محبوب اور جراتمند و بہادر قائد حافظ نعیم الرحمن کی پکار پر اسلام آباد ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہوں گے، ملک پر مسلط بیرونی طاقتوں کے آلہ کار اور ان کے احکامات پر عوام پر ٹیکس کا ظالمانہ سسٹم نافذ کرنے والے اور پچیس کروڑ پاکستانیوں پر مہنگائی اور بے روزگاری مسلط کرکے انہیں نان شبینہ سے محتاج کرنے اور ان کی خوبصورت زندگیوں کو عذاب بنانے والوں کے بدترین انجام کے دن قریب آ چکے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں