اسلام آباد: جماعت اسلامی کی دھرنے کی کال احتجاج کے بعد اسلام آباد ریڈ زون سیل، کنٹینر نصب، کارکنوں کی گرفتاریاں جاری تاہم میٹرو سروس بھی معطل۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف مقامات پر 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں، پولیس نے اسلام آباد کا ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے جبکہ پولیس نے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے گھر پر چھاپا مارا۔ پولیس امیر العظیم کو تو گرفتار نہیں کرسکی مگر ان کے ڈرائیور شوکت محمود کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئی۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے رات گئے 60 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے اور ان کارروائیوں کے دوران 110 افراد کوحراست میں لے لیا جبکہ جماعت اسلامی پی پی 169 کا جلوس موٹر وے پر گرفتار کرلیا گیا۔
ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ روات ٹی چوک بند ہونے پر صدر راولپنڈی کا روٹ استعمال کیا جائے اور جی ٹی روڈ بند ہونے کی صورت میں موٹر وے استعمال کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کے حافظ نعیم الرحمان نے مہنگی بجلی معاہدوں، اووربلنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی نے بھی ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
جبکہ پی ٹی آئی کے عمر ایوب نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عوام نئے الیکشن کی تیاری کریں، جمعہ بھرپور احتجاج ہوگا۔
پی ٹی آئی نے عمران خان سمیت دیگر قائدین کی رہائی کیلئے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
جمعہ 26 جولائی کو تمام ایم این ایز اپنے اپنے حلقے میں احتجاجی مظاہرے کرائیں گے جبکہ اسلام آباد سے احتجاج کی قیادت شعیب شاہین کریں گے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کے گھر پر چھاپہ مارا جبکہ رحیم یار خان میں ایم این اے جاوید اقبال سمیت درجن بھر سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
