میرپورخاص(نمائندہ جسارت) سماجی رہنما محمود صابری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گندگی، بلدیاتی سہولیات کی عدم فراہمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں کا جینا محال کر دیا اور لوگ ذہنی مریض بن کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اربوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود میرپورخاص شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے اور یہاں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص جو کہ صوبے کا چوتھا بڑا شہر ہے سندھ حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے نظر انداز کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حیسکو حکام نے چند ماہ قبل میرپورخاص کو لوڈشیڈنگ فری زون قرار دیا تھا لیکن اس وقت صورتحال یہ ہے کہ 15گھنٹے لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے ایک طرف شہری گھروں میں پریشان ہیں تو دوسری طرف دوسری طرف کاروبار کو شدید دھچکا پہنچ رہا ہے جبکہ مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے اور لوگ ذہنی مریض بن چکے ہیں ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں فوری طور پر ترقیاتی کام کروائے جائیں، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کر کے غریب آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔