کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زاہد حسین میتلو نے 2022ء میں مون سون بارشوں کے دوران ضلع کشمور میں جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت اور رہائش گاہ کو پہنچنے والے نقصان کے بعد کام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز کو خط لکھا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سال 2022ء میں ہونے والی مون سون کی شدید بارشوں سے پورے ضلعے بالخصوص جوڈیشل عمارت اور رہائشی عمارت بشمول جوڈیشل کمپلیکس کو کافی نقصان پہنچا جس میں ڈسٹرکٹ سیشن جج کندھکوٹ کی رہائش گاہ، فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج اور سول جج کی عمارت، کشمور میں ریکارڈ روم کی عمارت شامل ہے۔دو سال گزرنے کے باوجود مذکورہ عمارت پر کوئی کام نہیں کیا گیا جبکہ خطرناک عمارت کے اندر ججز اور عدالتی عملہ اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کا کام جلد کیا جائے جبکہ خط کا سات دن میں جواب دیا جائے۔ خط کی کاپی سندھ ہائی کورٹ کراچی اور چیف سیکرٹری سندھ کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔