کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ،صوبے کی بیشتر شاہراہیں ہرقسم کی ٹریفک کے لیے معطل رہیں۔ مستونگ ، قلات ، چاغی ، سمیت صوبے کے کئی شہروں میں شٹرڈاون ہڑتال کی رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جلسے کو روکنے کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین نے گزشتہ روزکوئٹہ کراچی شاہراہ کو مستونگ ، منگچ ، قلات سمیت مختلف مقامات پر بند کیا ہوا ہے۔ سڑکیں بند ہونے سے مسافربسوں ، مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ سیکڑوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے بعد معاملات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ مستونگ ، قلات ، خاران ، نوشکی ، چاغی اور کیچ سمیت صوبے کے کئی شہروں میں تین دنوں سے شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔ کوئٹہ میں مظاہرین نے زرغون روڈ کو سرینا چوک کے قریب بند کرکے دھرنا دیا اور ریلی نکالی۔ جس کی وجہ سے شہر کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوا اورشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔سریاب روڈ اور اطراف کے علاقوں میں مشتعل مظاہرین نے دکانوں اور شاپنگ سینٹرز کو زبردستی بند کرادیا۔ سریاب روڈ پر مشتعل مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔