حیدرآباد ( اسپورٹس ڈیسک)ریحان عمر ملک میموریل حیدرآباد چیلنجرز 7 سائیڈ ہاکی لیگ میں انڈر 16 کیٹیگری کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اختتام پر رضوان تنویر ہاکی اکیڈمی نے 6 پوائنٹ لے کر پہلی جبکہ قمر ہاکی الیون اکیڈمی نے 4 پوائنٹ لے کر گروپ میں دوسری پوزیشن لے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پہلا میچ ندیم احمد قائم خانی الیون اور قمر ہاکی الیون اکیڈمی کے مابین کھیلا گیا جس میں قمر ہاکی الیون اکیڈمی نے ندیم احمد قائم خانی الیون کو 1-3 سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے طحہ الدین نے 2 گول اور کنشہ ظفر نے 1 گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ جبکہ ندیم احمد قائم خانی الیون کی جانب سے ایک گول حسیب کاچو نے اسکور کیا۔ اس میچ میں امپائرنگ کے فرائض حماد رضوان اور نعمت محسود نے سر انجام دیے۔ دوسرا میچ رضوان تنویر ہاکی اکیڈمی اور ریحان عمر ملک الیون کے درمیان کھیلا گیا جس میں شایان اویس کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باعث RTH اکیڈمی نے فتح اپنے نام کر کے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ RTH اکیڈمی کی جانب سے 3 گول شایان اویس نے اور ایک گول ربیعہ نے اسکور کیا جبکہ ندیم احمد قائم خانی الیون کی جانب سے رفعت نے ایک گول اسکور کیا۔ اس میچ میں امپائرنگ کے فرائض محمد احد اور اسامہ مغل نے سر انجام دیے۔ آرگنائزنگ سیکریٹری حماد رضوان کے اعلامیہ کے مطابق ریحان عمر ملک میموریل حیدرآباد چیلنجرز 7 سائیڈ ہاکی لیگ کے فائنل 4 اگست کو بورڈ اسٹیڈیم لطیف آباد نمبر 6 میں کھیلے جائینگے۔