فریڈ ٹرمپ سوم نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کو ووٹ دیں گے۔ فریڈ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بھتیجے ہیں۔ وہ اپنے انٹرویوز میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
فریڈ نے ایک کتاب بھی لکھی ہے جس میں اُنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ایسا بہت کچھ بتایا ہے جو میڈیا کے ذریعے بھی عام امریکیوں تک نہیں پہنچ سکا۔ فریڈ کا کہنا ہے کہ اُس کے خاندان کو الجھنوں سے دوچار کرنے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔
فریڈ نے اپنی کتاب میں یہ بھی بتایا ہے کہ ترکے کی تقسیم کے حوالے سے خاندان میں غیر معمولی جھگڑے ہوتے رہے ہیں۔ اُنہوں نے ٹرمپ پر املاک کے بٹوارے میں ناانصافی برتنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
فریڈ آج کل اپنی کتاب “آل اِن دی فیملی : دی ٹرمپس اینڈ ہاؤ وی گاٹ دِز وے” کی پروموشن میں مصروف ہے۔ اس کتاب میں پورے خاندان کا کچا چٹھا کھولا گیا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کارستانیوں کو کُھل کر بیان کیا گیا ہے۔
