حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ہیومن رائٹس گروپ آف سندھ کی کوششوں سے ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے ہیومن رائٹس گروپ آف سندھ کے وفد نے منشیات کے خاتمے کیلیے چیئرمین جاوید اقبال شیخ ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل ندیم اقبال شیخ ایڈووکیٹ کی قیادت میں ڈی آئی جی پی حیدرآبادرینج طارق رزاق دھاریجو سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین جاوید اقبال شیخ ایڈووکیٹ نے ڈی آئی جی پی کوحیدرآباد میں جگہ جگہ منشیات کی کھلے عام خرید وفروخت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتا یا کہ منشیات کے استعمال سے نوجوان نسل تباہی کی جانب گامزن ہے جبکہ کینسر جیسے موذی مرض میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جس کی روک تھام بہت ضروری ہے۔ ڈی آئی جی نے وفد کو منشیات کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ لنجار کو ہیومن رائٹس گروپ آف سندھ کی ٹیم کو ساتھ لے کر منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کے لیے مشاورت کرنے کو کہا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآبادطارق رزاق دھاریجو نے ہیومن رائٹس گروپ آف سندھ کی جانب سے نوجوان نسل کو کینسر جیسے موذی مرض سے بچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اگر جس تھانہ کی حد ودمیں بھی گٹکا ،مین پوری اور انڈین پان پراگ فروخت ہوتے ہوئے پائے گئے تو اس تھانہ کے ایس ایچ او کے خلاف فوری کاروائی کی جائے گی۔