ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حکومت کو خطرہ ہے تو وزیراعظم اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کرالیں‘ پیپلز پارٹی

اسلام آباد (صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری کا کہنا ہے اگر حکومت کو خطرہ ہے تو وزیراعظم صدر کو ایڈوائس کریں اور اسمبلی تحلیل کر کے نئے انتخابات کرا لیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نیر حسین بخاری نے کہا کہ حکومت کو خطرہ ہے تو ہم سے شیئر کیوں نہیں کیا، پارلیمنٹ میں حکومت کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہیں مگر وہ کچھ ڈیلیور توکرے، حکومت کو خطرہ ہے تو وزیراعظم صدر کو ایڈوائس کریں اور اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کرالیں۔ رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا صدرآصف علی زرداری بارہا کہہ رہے ہیں کہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں، صدر زرداری کرداراداکر سکتے ہیں مگرکوئی بیٹھنے کو تیار تو ہو، پیپلزپارٹی آئینی بالادستی پریقین رکھتی ہے، حل بھی آئین کے مطابق نکلے گا مگر اگر سسٹم ڈی ریل ہوگیا تو نقصان ملک کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قابل اعتبار نہیں، وہ بات کر کے پھر جانے والے ہیں، وہ ایک دن کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کو تیار ہوں اگلے روز کچھ اورکہتے ہیں، ایک دن کہتے ہیں محموداچکزئی کو بات کا اختیار دیا اگلے روزکہتے ہیں نہیں دیا، گفتگو اس سے ہوتی ہے جس پر آپ کو اعتماد ہو مگر بانی پی ٹی آئی یوٹرن کو اپنی سیاست کی معراج سمجھتا ہے۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کاکریڈٹ بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے، اگر پرویز مشرف کی یونیفارم نہ اترتی تو کیا نوازشریف واپس آ جاتے؟ ۔ نیر بخاری نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ بلاول زرداری وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، ہم نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو تحفظات کے ساتھ قبول کیا، پیپلز پارٹی کو منصوبے کے تحت کچھ نشستیں نہیں دی گئیں، اگر ن لیگ کا ساتھ نہ دیتے تو کیا آج پارلیمان اور چیف ایگزیکٹو کا آفس چل سکتا؟۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں