ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ملک انہی کی طرز حکمرانی پر چل رہا ہے جن سے آزادی لی تھی،سلیمان ابڑو

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سافکو کے بانی اور قائد سلیمان جی ابڑو نے کہا ہے کہ ملک پر 77 سال سے حکمرانی کا تسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے کوئی تبدیلی نہیں آرہی، آج بھی ملک انہی کی طرز حکمرانی پر چل رہا ہے جن سے آزادی لی گئی تھی۔ سافکو گروپ نے سافکو ہیڈ آفس میں پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا، جس میں سندھ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری ورکرز کوآرڈینیٹنگ آرگنائزیشن، سافکو سپورٹ فائونڈیشن اور سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کے اہم ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ برصغیر دنیا کا ایک مہذب اور خوشحال خطہ تھا لیکن اس پر قبضہ کرنے والے لٹیروں نے اسے تقسیم کر کے کئی تنازعات کی بنیاد ڈالی تاکہ یہاں کے لوگ ترقی کے دھارے میں شامل ہونے کے بجائے آپس میں لڑتے رہیں اور ان کے وسائل تعلیم، ٹیکنالوجی اور خوشحالی پر خرچ ہونے کے بجائے غیر ضروری چیزوں پر خرچ ہوتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کی سب سے بڑی خوش قسمتی ہے کیونکہ یہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو رہے ہیں اور فرسودہ رسم و رواج پر یقین نہیں رکھتے، ان نوجوانوں سے ہماری توقعات وابستہ ہیں، آج ان توقعات کی تجدید کا دن ہے۔ سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ حکمران چاہتے تو صنعتیں لگاتے، روزگار کے مواقع پیدا کرتے، جس سے ترقی کی راہیں ہموار ہوتیں لیکن وہ ایسا نہیں کرتے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوانوں کا مستقبل یہ نہیں ہے کہ وہ 5 لاکھ روپے کا قرض لے کر ٹھیلا چلائیں یا کیبن کھولیں، بلکہ وہ نچلی سطح سے نکل کر اوپر آئیں، ترقی کے دھارے میں شامل ہوں اور ملکی بھاگ ڈور سنبھالیں۔ سافکو کے بانی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کسی کی انفرادی خوشحالی ملک کی اجتماعی خوشحالی کو فروغ دیتی ہے، لوگوں کی معاشی بہتری کے لیے سافکو کی سرگرمیاں اور کامیابیاں دراصل ملک کی کامیابیاں ہیں، ملک کی خوشحالی کے لیے ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے۔ اس موقع پر رمیز اقبال میمن، ہریش کمار، علینہ ماریہ، مفتی ارسلان، واجد حسین، اختر ملاح، نوید میمن، جئے پرکاش، سارنگ شیدی، ابصار ابڑو، اقرا شعیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں