حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گاڑی کھاتہ کے رہائشی عمیر چانڈیو ولد عبدالمجید چانڈیو نے والد کی جانب سے جائیداد سے حصہ نہ ملنے اور پاگل قرار دے کر تشدد کر کے گھر سے نکالنے کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کرنے کے بعد بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ہم 4 بھائی ہیں، والد نے میرے تمام بھائیوں کو ملکیت سے 25، 25 لاکھ روپے حصہ دے دیا، جب میں نے اپنے والد سے اپنا حصہ طلب کیا تو میرے والد نے مشتعل ہو کر مجھے تشدد کا نشانہ بنایا اور پاگل قرار دے کر گدو اسپتال (پاگل خانہ) میں داخل کرانے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے 4 بچے ہیں، جبکہ میری بیوی بھی میرے والد کے رویے سے تنگ ا ٓکر چلی گئی ہے۔ انہوں نے اربابِ اختیار سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر والد کی ملکیت سے میرا قانونی اور شرعی حق دلوا کر میرے ساتھ انصاف کیا جائے۔