ڈارون (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے اپنے 5ویں میچ میں بنگلادیش اے کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، شاہینز نے بنگلا دیش اے کا 142 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 7 کھلاڑی آئوٹ پر حاصل کرلیا، ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان شاہینز کی چوتھی کامیابی ہے۔ گزشتہ روز ڈارون میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش اے کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔پاکستان شاہینز نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔بنگلادیش اے کو اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب میچ کی پہلی ہی گیند پر عباس آفریدی نے ذیشان عالم کو آئوٹ کر دیا جس کے بعد تنزید حسن اور پرویزحسین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 48 رنز کا اضافہ کیا لیکن اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔پرویز27 اور تنزید 18 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔لیفٹ آرم ا سپنر فیصل اکرم کی صرف 7 گیندوں پر 3 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد شمیم حسین اور محفوظ الرحمن نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں قیمتی 83 رنز کا اضافہ کیا۔شمیم حسین 5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔محفوظ الرحمن نے 41 رنز اسکور کیے اور آئوٹ نہیں ہوئے جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔فیصل اکرم نے صرف 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے پاکستان شاہینز کو47 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔محمد حارث جارحانہ انداز میں 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان بھی 17 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے ۔ ان دونوں کے بعد عمیر بن یوسف نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم 123 رنز پر7 وکٹیں گر جانے کی وجہ سے پاکستان شاہینز مشکلات میں دکھائی دے رہی تھی اس موقع پر عرفان خان اور جہانداد خان کے درمیان 8ویںوکٹ کی شراکت میں بننے والے 20 رنز نے ٹیم کو جیت دلا دی۔