کراچی( اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ پاکستان فزیکل ڈس ایبلیٹی کرکٹ ایسو سی ایشن( پی پی ڈی سی اے) نے سماجی ذرائع ابلاغ کے اکاونٹس کی بہتری اور مارکیٹنگ کے لئے معروف کمپنی گیٹ ویز سافٹ وئیر ڈیولپمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرلیں۔اس سلسلے میں دوطرفہ معاہدہ پی پی ڈی سی اے پیڈ آفس کراچی میں طے پایا۔صدر پی پی ڈی اے عمران بلوانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گیٹ ویز سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کمپنی محمد فرقان نے جنرل سیکریٹری پی پی ڈی سی اے امیرالدین انصاری، ڈاریکٹر امتیاز ز اقبال اور میڈیا مینیجر محمد نظام کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیئے۔
اس موقع پر سی ای او محمد فرقان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی پی ڈی سی اے نے فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹرز کو شاندار پلیٹ فارم دیا ہے اور انھوں نے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ان کو پذیرائی تو ملی ہے لیکن مارکیٹنگ کے اور دیگر اسپانسر شپ کے حوالے سے کافی کام کرنا ہے جس کی بہتری کے لیئے ہماری کمپنی گیٹ ویز نے پی پی ڈی سی اے کے ساتھ مشترکہ اپنے تمام تر تجربے اور وسائل کو بروئے کار لاکر پی ڈی کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری کے لیئے کام کرینگے، صدر پی پی ڈی سی اے عمران بلوانی نے سب سے پہلے سی ای او گیٹ ویز کمپنی محمد فرقان کی آمد پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ ایسوسی ایشن نے اپنے طور کافی کام کیا ہے لیکن گیٹ ویز کمپنی کے ساتھ بہتر تشہر اور مارکیٹنگ کے حوالے سے جو کمی باقی تھی مجھے امید وہ اب پوری ہوجائے گی اور ہم پی ڈی کرکٹرز کو ان کا جائز حق دلانے کے لیئے مزید بہتر انداز میں کام کرسکیں گے۔