
تل ابیب/ غزہ/ بیروت/ بوگوٹا /استنبول /لندن (آن لائن /مانیٹرنگ ڈیسک) امریکانے اسرائیل اور حماس کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہغزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا یہ آخری موقع ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدر اسحاق پروزوگ سے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی سے متعلق گفتگو کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ملاقات میں صدر اسحاق ہرزوگ کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی کا ذمہ دار حماس ہے۔ اسرائیلی صدر نے امریکا، مصر اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب بھی پُرامید ہیں، ثالثوں کے ذریعے ہونے والے غزہ میں جنگ بندی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی صدر سے کہا کہ قطر میں جاری غزہ جنگ بندی مذاکرات فیصلہ کن لمحہ ہے اور شاید یہ بہترین اور آخری موقع ہے کہ سیز فائر ہو، یرغمالی گھروں کو واپس پہنچیں اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔ امریکی وزیر خارجہ نے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں ناکامی کا ملبہ حماس پر ڈالنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔ یہ یقینی بنانے کا بھی وقت ہے کہ کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائے جو جنگ بندی مذاکراتی عمل کو پٹڑی سے اتار دے۔ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ اس لیے ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی اشتعال انگیزی نہ ہو، کوئی ایسی کارروائی نہ ہو جو جاری معاہدے کے خاتمے کا باعث بنے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے انٹونی بلنکن سے ملاقات میں حماس کی قید میں یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکا کی نئی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے حمایت کا یقین دلایا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیراعظم نیتن یاہو سے 3 گھنٹے ملاقات کی اور غزہ جنگ بندی مذاکرات سے متعلق مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا۔اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری پیغام میں ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں جو اسرائیل کی سلامتی کی ضروریات کو مدنظر رکھتا ہے اور جس پر عمل درآمد پر سختی سے اصرار کرتے ہیں۔ کولمبیا نے اسرائیل کے لیے کوئلہ کی ترسیل یہ کہہ کر روک دی ہے کہ تل ابیب غزہ پر جو بم برستا ہے اس کی تیاری میں کولمبیا سے درآمد کوئلہ استعمال ہوتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے کہا کہ ہم سے خریدے گئے کوئلے کو اسرائیل نے فلسطینی بچوں کو مارنے والے بموں میں استعمال کیا جو ناقابل برداشت ہے۔ اسرائیل فوج کی جانب سے غزہ میں صحافیوں پر حملہ کیا گیا اور خان یونس میں کوریج کرنے والے صحافیوں پر صیہونی فوجیوں نے براہ راست گولیاں چلائیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک خاتون صحافی کو کمر میں گولی مار کر زخمی کر دیا، دیگر صحافیوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی بمباری سے 25 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب القسام بریگیڈ نے اسرائیلی قافلے پر حملے کی وڈیو جاری کر دی اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ آئرلینڈ میں برطانیہ کے سفارت خانے کے ایک برطانوی سفارت کار کے سیکنڈ سیکرٹری مارک اسمتھ نے اسرائیل کو ہتھیار فروخت کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفا دیدیا۔برطانوی اخبار کے مطابق برطانوی سفارت کار مارک اسمتھ نے اپنے استعفے میں لکھا کہ سفارتی خدمات کے طویل کیریئر کے بعد استعفا دینا افسوس ناک ہے لیکن یہ جانتے ہوئے بھی کہ میری وزارت خارجہ جنگی جرائم میں ملوث ہے میں اپنی ملازمت جاری نہیں رکھ سکتا‘ غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی حکومت اور فوج کی جانب جنگی جرائم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی واضح اور ناقابل تردید خلاف ورزیاں سامنے آرہی ہیں۔ اسرائیل کے علاقے مغربی گلیلی میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں صیہونی فوج کا ایک اہلکار مارا گیا جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ان کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا جس کی شناخت 45 سالہ چیف وارنٹ آفیسر محمود عماریہ کے نام سے ہوئی۔ترکیہ میں کار پر فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈرائیونگ نشست پر موجود فلسطینی شخص جاں بحق اور ان کے ساتھ بیٹھا دوست اور پچھلی نشست پر بیٹھا محافظ زخمی ہوگیا۔عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ترکیہ کے شہر استنبول میں پیش آیا۔ جس میں ملزم فائرنگ کے بعد سائلنسر لگی پستول پھینک کر فرار ہوگیا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جو کہ مقتول کا گارڈ ہے۔