حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے اپ نے بیان میں کہا ہے کہ سوئی گیس کمپنی انتظامیہ نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے، گیس کے بلوں میں فکسڈ ٹیکس چارجز ، ایڈیشنل جی ایس ٹی ٹیکس اور اسٹینڈر چارجز ٹیکس لگانے کے بعد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز بھی لگا نے کی تیاری کی جا رہی ہے جو عوام کے ساتھ سرا سر ظلم کی انتہا ہے ۔ سوئی گیس کے بلوں میں بلا جواز ٹیکسوں کی بھر مار فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس چارجز سمیت تمام ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گیس نایاب ہونے کے باوجود بلوں میںلگائے گئے اضافی ٹیکسز کے باعث ہوشربا اضافہ نے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، گیس کا بل بھرنے کے لیے شہری اپنے گھر کا سامان بیچنے پر مجبور ہوگئے ،سوئی سدرن گیس کمپنی نے مختلف ٹیکسز چارجز کے نام پر عوام کو بھاری بل بھیج دیے ہیں جس میں گیس کی قیمت کے علاوہ سیلز ٹیکس،میٹر رینٹ، فکسڈ چارجز سمیت دیگر واجبات شامل ہیں جو کہ ایک عام صارف کو بھاری بل کی شکل میں ملتے ہیں۔ انہوں نے سوئی گیس کمپنی سمیت حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں عوام سے دووقت کی روٹی پکانے کے ذریعے کو نہ چھینا جائے اور گیس بلوں میں لگائے گئے اضافی چارجز اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز واپس لیے جائیں بصورت دیگر جماعت اسلامی سوئی گیس کمپنی آفس کے سامنے احتجاج پر کرے گی۔