ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر اور قومی اسمبلی کے ممبر سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ملک کے حالات بگڑتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، انٹرنیٹ سروس بند کرنے سے کسی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، حکومت اور عوام کو ساتھ چلنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے پریس کلب میں پریس کلب، یونین آف جرنلسٹ اور میڈیا ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لینے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید نوید قمر نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل اور بحران سے نکالنے کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، جمہوریت میں ہر کسی کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی آواز کو آزادی کے ساتھ بلند کرے، میڈیا نے ہمیشہ اپنا اہم کردار ادا کیا ہے، شہر کے اہم مسائل اور مظلوم عوام کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، پریس کلب کے بہتر مفادات، صحافی کالونی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ تقریب سے پریس کلب کے نومنتخب صدر رمضان شورو، گورننگ باڈی کے چئیرمین غلام نبی کیریو، میونسپل وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ، جنرل سیکرٹری مظفر رند، یونین آف جرنلسٹ کے صدر انصار خان، راؤ غلام حسین، یونین آف جرنلسٹ حیدرآباد کے صدر اقبال ملاح اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔