لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی حکومت نے جیلوں میں گنجایش سے زیادہ قیدیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کردیے۔ یہ فیصلہ رواں ماہ کے اوائل میں فسادات میں ملوث لوگوں کو سزا سنائے جانے کے بعد کیا گیا ہے ،جس کی وجہ سے برطانیہ اور ویلز کی جیلوں میں پہلے سے موجود قیدیوں کی گنجائش کابحران مزید بڑھ گیا ہے۔ اس سے قبل حکومت نے ہزاروں قیدیوں کو قبل از وقت رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب برطانوی حکام نے کہا ہے کہ فسادات کی وجہ بننے والی جھوٹی خبر کو ایک کرائم ویب سائٹ چینل 3ناؤپر جاری کیا گیا تھا۔ ویب سائٹ کیلیے کام کرنے والے پاکستانی شخص فرحان عزیز کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے خبر کو بغیر تصدیق کیے ویب سائٹ پر ڈالاانہیں نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ خبر میں کہا گیا تھا کہ ساؤتھ پورٹ میں 3 بچیوں کو ہلاک کرنے والا شخص ایک مسلمان تارک وطن ہے جبکہ درحقیقت 17 سالہ ملزم کا تعلق روانڈا سے تھا۔