میرپورخاص (نمائندہ جسارت) گرڈ اسٹیشن میں نصب 132 کے وی 40 ایم وی اے ٹرانسفارمر خرابی کے باعث ٹرپ کر گیا، ٹرانسفارمر سے منسلک 11 کے وی کے 9 فیڈر ٹرپ کر گئے اور 24 گھنٹے سے 9 فیڈرز کے علاقوں میں بجلی بند ہے، ایس ای حیسکو کے مطابق 7 فیڈرز پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے جبکہ 9 فیڈر ٹرپ ہونے سے 60 فیصد شہر میں بجلی منقطع ہے، ٹرانسفارمر کی مرمت کیلیے مزید وقت درکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی شام 4 بجے گرڈ اسٹیشن میں نصب 132 کے وی 40 ایم وی اے کا پاور ٹرانسفارمر خرابی کے باعث ٹرپ کر گیا جس کی وجہ سے 9 فیڈرز بسم اللہ فیڈر، جرواری فیڈر، ایم پی کے 6، نواز آباد، سٹی، ایس اے رضوی، غریب آباد، انڈسٹریل اور جی ایم فیڈرز شامل ہیں، ان فیڈرز سے مختلف علاقوں کو پیر کی شام 4 بجے سے بجلی کی سپلائی بند ہے اور ان علاقوں میں تاحال بجلی کی مکمل بحالی نہ ہو سکی ہے، رات بھر یہ علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے، بجلی کی مکمل بحالی نہ ہونے سے کاروباری، تجارتی اور تعمیراتی سرگرمیاں بھی بند ہیں، جبکہ شدید حبس اور گرمی میں شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے ایس ای حیسکو امیر احمد میمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 132 کے وی گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی سے 40 ایم وی اے T2 پاور ٹرانسفارمر ٹرپ کرگیا۔