
بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ویتنام کے صدر تو لام چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ،جہاں انہوں نے ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جولائی میں انتقال کرنے والے نیون فو ترون کی جگہ 3 اگست کو صدر منتخب ہونے کے بعد لام کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین پڑوسی ممالک کے ساتھ سفارتکاری میں ویتنام کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کو اپنی روایتی دوستی کو برقرار رکھنا چاہیے ۔ اس موقع پر لام نے کہا کہ ویتنام اپنی خارجہ پالیسی میں چین کو اولین ترجیح دیتا ہے۔