کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) بلدیہ ٹائون سیکٹر 9بلاک بی میں واقع کھیلوں کے گرائونڈ کو گاربیج پوائنٹ میں تبدیل کردیاگیا۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی۔ کھلاڑیوں کا احتجاج ۔ چار سیکٹرمیں سے صرف بی بلاک کا گرائونڈ کھیلوں کے لیے رہ گیا تھا جسے مقامی بلدیاتی انتظامیہ اور یوسی چیئرمین کی ملی بھگت سے تباہ کردیاگیا‘ سیکٹر اے میں کھیلوں کے گرائونڈ کو ٹرک اڈا میں تبدیل کردیاگیا‘ سیکٹر ای میں غیر قانونی بچت بازار والوں کا قبضہ ہے جب کہ سیکٹر سی میں گرائونڈ کو رہائشی مکانوں میں تبدیل کردیاگیا۔کھلاڑیوں کی نمائندہ جسارت سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون سیکٹر 9بلاک بی میں واقع کھیلوں کے گرائونڈ کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ مقامی سالڈ ویسٹ ملازمین نے گاربیج پوائنٹ بنادیا۔ کھلاڑی کھیلوں کے گرائونڈ سے محروم ہوچکے ہیں۔ ٹائون چیئرمین نے آج تک اس علاقے کا وزٹ تک نہیں کیا‘ جب کہ یوسی آفس بھی اسی گرائونڈ کے ساتھ واقع سرکاری اسکول میں قائم ہے اس کے باوجود یوسی چیئرمین کی نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث علاقہ کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اس موقع پر موجود کھلاڑیوں نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پورے علاقے میں چار سیکٹر ہیں جس میں سیکٹر اے کے گرائونڈ کو غیر قانونی بچت بازار اور ٹرک اڈا بنا دیاگیا ہے‘ سیکٹر سی میں پارک قائم ہے‘ ڈی بلاک میں رہائشی مکانات اور ای بلاک میں غیرقانونی بچت بازار والوں کا قبضہ ہے۔ کھیلوں کے لیے بلاک بی کا گرائونڈ رہ گیا تھا جسے انتظامیہ نے اپنی نااہلی کے باعث گاربیج پوائنٹ بنا دیا ہے جہاں کئی سیکٹر کا کچرا لاکر پھینکا جاتا ہے جس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں عرصہ دراز سے معطل ہیں۔جب کہ گرائونڈ میں لوہے کے گول بھی عرصہ دراز قبل ہیرونشیوں نے کاٹ کر بیج دیا ہے۔ اس موقع پر اہل محلہ نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی اور وزیربلدیات کھیل دشمنی کا سختی سے نوٹس لے کر گرائونڈ کو واپس اپنی پہلے والی حالت میں بحال کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔