
ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلادیش میں آنے والے سیلاب سے 15 افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے 11 اضلاع میں شدید بارش کے بعد اس وقت بدترین سیلاب صورتحال ہے جس کے نتیجے میں 48 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 15 کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ تقریباً 9 لاکھ لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ سیلاب سے جو 11 اضلاع متاثر ہوئے ہیں ان میں فینی، کومیلا، نوخالی، لکشمی پور اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ فینی میں شدید بارش اور سیلاب سے 92 فیصد موبائل ٹاور گرچکے ہیں جس سے شہریوں کے موبائل فون پر ایک دوسرے سے رابطے تقریباً ختم ہوچکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پھنسے ایک لاکھ 88 ہزار افراد کو ریسکیو کرکے کیمپوں میں پہنچادیا گیا ہے جب کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک ساڑھے 3کروڑ ٹکا کیش تقسیم کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 20 ٹن سے زائد چاول اور 15 ہزار خشک خوراک کے پیکٹ بھی تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں نیوی، کوسٹ گارڈ، فائر سروسز اور پولیس کے اہل کار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ماہرین کا کہناہے کہ ملک کو 20برس کے دوران بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔