کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ میں 10 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت۔ عدالت نے دیگر لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔طویل عرصے سے لاپتا 2 شہری بازیاب ہوکر گھر واپس آگئے۔ دوران سماعت پولیس نے رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی
سے لاپتا حسین علی نقوی اور سر سید کے علاقے سے گمشدہ شہری محمد فیصل گھر پہنچ گئے۔ عدالت نے دونوں لاپتا شہریوں کی بحفاظت گھر واپسی پر اظہار اطمینان کیا۔ عدالت نے دونوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹادیں، عدالت نے کلفٹن کے علاقے سے لاپتا شہری یاسین کے اہلخانہ کا ڈی این اے سیمپل لینے کی ہدایت کی۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ اے وی ایل سی، سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں سے معلومات حاصل کرلی ہیں، کسی ادارے نے شہری یاسین کو تحویل میں نہیں لیا۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ سچل کے علاقے سے لاپتا شہری ثاقب کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کردیا ہے۔