حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) میرپور خاص روڈ پر ٹنڈو جام کے قریب ٹرک ڈرائیور کا ٹول ٹیکس اور وزن کانٹے کے خلاف کیے جانے والے احتجاج اور دھرنے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کا لاٹھی چارج، مشتعل افراد نے پولیس پر پتھرائو کیا، ڈی ایس پی اور پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال میں طبعی امداد دی گئی۔ ٹنڈو جام ٹول ٹیکس پر ٹرک ڈرائیوروں کے گزشتہ روز سے جاری احتجاج کو ختم کروانے کے لیے مذاکرات کی ناکامی کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے مشتعل ڈرائیوروں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا، جس پر ڈرائیور مزید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس پر پتھرائو کردیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی ٹنڈو جام اور 3 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال میں طبعی امداد دی گئی، مشتعل ٹرک ڈرائیور گزشتہ روز سے اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاج کر رہے تھے، احتجاج ختم کرانے اور ٹریفک کی روانی بحال کروانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نے ان سے مذاکرات بھی کیے جو کامیاب نہ ہوسکے۔ ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ٹنڈو جام ٹول ناکے پر ان سے من مانے ٹول ٹیکس لیے جاتے ہیں، اس کے علاہ ٹرک ڈرائیوروں سے میر پور خاص روڈ پر وزن کانٹے کے نام پر 5 ہزار روپے فی ٹرک وصول کیے جاتے ہیں۔