حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) میئر کاشف علی شورو نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی و رین ایمرجنسی حیدرآباد کے فوکل پرسن عبدالجبار خان، کمشنر ڈویژن بلال میمن اور ڈپٹی کمشنر زین العابدین کے ہمراہ شہر میں ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں کیے جانے والے اقدامات و انتظامات کے جائزے کے سلسلے میں دوسرے روز بھی دورے کا سلسلہ جاری رکھا، اس ضمن میں انہوں نے سٹی لطیف آباد اور قاسم آباد کی مختلف شاہراہوں، نشیبی بستیوں اور پمپنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، MD واسا زاہد کھیمٹیو، ٹاؤن چیئرمینز متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر نے فتح چوک پہنچ کر وہاں جاری ہیوی ڈی واٹرنگ مشین کی مدد سے نکاسی آب کاموں کا معائنہ کیا اور ڈی واٹرنگ کے کاموں سے متعلق متعلقہ افسران سے معلومات لیں، اس کے علاوہ میئر نے لطیف آباد نمبر 11 میں پمپنگ اسٹیشن کا بھی دورہ کرکے پمپنگ اسٹیشن کی ورکنگ کو چیک کیا اور بجلی کی عدم دستیابی کی صورت میں آلٹرنیٹ انتظامات کے حوالے سے معلومات لیں اور تاکید کی کہ برسات کے دوران پمپنگ اسٹیشن کو ورکنگ میں رکھا جائے تاکہ علاقوں میں برسات کا پانی جمع نہ رہے۔ انہوں نے مہر علی ودیگر نشیبی علاقوں کا بھی دورہ کیا اور ان علاقے کی برساتی پانی کی نکاسی سے متعلق احکامات دیے۔