ٹرینیڈاڈ۔(اسپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیزنے جنوبی افریقا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر3 میچوں پر مشتمل سیریز کلین سویپ کرلی،بارش کے باعث میچ کو 13،13 اوورز تک محدود کر دیا گیا،میزبان ویسٹ انڈیز ٹیم نے پروٹیز کی جانب سے ملنے والا 109 رنز کا ہدف9ویں اوور کی دوسری گیند پر2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،ویسٹ انڈیز کے روماریو شیفرڈ کو میچ جبکہ شائی ہوپ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز برائن لارا اسٹیڈیم تاروبا ٹرینیڈاڈ میں میچ شروع ہوتے ہی بارش شروع ہوگئی جس کے باعث ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت میچ 13،13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 13 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کو میچ میں کامیابی کے لئے 109 رنز کا ہدف دیا، پروٹیز کی جانب سے ٹرسٹن سٹبس نے 40 اور ریان رکیلٹن نے27 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے روماریو شیفرڈ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 جبکے عقیل حسین اور میتھیو فورڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں میزبان ویسٹ انڈیز ٹیم نے مطلوبہ109 رنز کا ہدف9ویں اوور کی دوسری گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شائی ہوپ ناقابل شکست 42 اور شمرون ناقابل شکست 31رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، یوں ویسٹ انڈیز ٹیم نے میچ میں پروٹیز کو نہ صرف 8 وکٹوں سے شکست دی بلکہ 3 میچوں کی سیریز کلین سویپ بھی کرلی۔