ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

معمر بھارتی مسلمان پر بیف لے جانے کے الزام میں بہیمانہ تشدد

Elderly Indian Muslim

بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں ایک معمر مسلمان کو ٹرین میں سفر کے دوران گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگاکر بہیمانہ تشددکا نشانہ بنایا گیا۔

حاجی اشرف منیار کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ ایک ہفتہ پہلے کا ہے جب وہ اپنی بیٹی سے ملنے کلیان جارہے تھے۔ حاجی اشرف منیار کا تعلق مہاراشٹر کے علاقے جلگاؤں سے ہے۔

یہ واقعہ دھولے ایکسپریس کا ہے۔ کسی سیٹ کے معاملے پر مسافروں سے تو تو میں میں ہوئی تو اُنہوں نے گائے کا گوشت لے جانے کا الزام عائد کرکے حاجی اشرف منیار کو مارنا پیٹنا شروع کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کے پاس گائے کا نہیں، بکرے کا گوشت ہے مگر اس کے باوجود لوگ اُن پر تشدد کرتے رہے۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حاجی اشرف منیار ہاتھ جوڑ کر کہہ رہے ہیں کہ اُنہیں نہ مارا جائے مگر کئی نوجوان اُن کی عمر کا لحاظ کیے بغیر اُنہیں تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

آل انڈیا انجمنِ اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر بھارتی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہونے والے امتیاز جلیل نے مہاراشٹر حکومت پر زور دیا ہے کہ اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

امتیاز جلیل نے ایک بیان میں کہا مسلمانوں پر بلا جواز زیادتیاں کسی بھی طور برداشت نہیں کی جاسکتیں۔ اب حد ہوچکی ہے۔ لازم ہے کہ سیکیولر افراد اپنا فرض سمجھ کر سامنے آئیں اور ملک میں اتحاد و یگانگت کی فضا کو پروان چڑھانے میں مدد دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی مدد سے تمام ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے تاہم اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ کسی کو گرفتار بھی نہیں کیا جاسکا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں