حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکمل مذہبی عقیدت و احترام سے سخت سیکورٹی میں منایا گیا،موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی، یوم علیؓ روایتی طور پر منعقد ہونیوالی مجالس کا انعقاد کیا گیا , اس کے علاوہ مختلف امام بارگاہوں سے ذوالجناح کے جلوس بھی نکالے گئے،اس سلسلے کا مرکزی جلوس کربلا دادن شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ
روٹس تلک چاڑی، بوہری بازار، صدر، رسالہ روڈ سے ہوتا ہوا قدم گاہ مولا علی پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، امن و امان برقرار رکھنے اور فول پروف سیکورٹی مہیا کرنے کےلیے ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی قیادت میں تقریبا 1450 سے زائد افسران و جوان سیکورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے تھے، یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر مرکزی جلوس کے علاوہ دیگر چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے ،مرکزی جلوس کے داخلی راستوں پر مختلف مقامات پر واک تھروگیٹ لگائے گئے تھے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی نگرانی کی جارہی تھی، ایس ایس پی حیدرآباد نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے ساتھ یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی مانیٹرنگ کےلیے قائم مانیٹرنگ روم کا دورہ کیا،ایس ایس پی حیدرآباد نے اس دوران مختلف چیکنگ پوائنٹس، داخلی و خارجی پوائنٹس سمیت دیگر مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔