ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سرکاری اسکیم سے آپ مفت پلاٹ کیسے حاصل کرسکتے ہیں، جانئے طریقہ کار

تین مرلہ پلاٹ اسکیم 2025 کے لیے اہلیت کا طریقہ کار اور شرائط و ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں، اسکیم کے تحت 2 ہزار پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت کم آمدنی اور بے زمین خاندانوں کے لیے 3 مرلہ پلاٹ اسکیم 2025 کا آغاز کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد بے گھر افراد کو محفوظ رہائشی زمین مہیا کرنا اور سماجی فلاح کو فروغ دینا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 19 اضلاع میں 23 سرکاری اسکیموں کے ذریعے 2 ہزار پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔ یہ اسکیم صرف زمین کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ کمزور طبقے کو اپنے گھر تعمیر کرنے کا عملی موقع فراہم کرنے کا جامع اقدام ہے۔

درخواست دینے کا پورا عمل شفافیت اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ای پورٹل (AZAG E-Portal) کے ذریعے مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا گیا ہے۔

اہلیت کے لیے شرط ہے کہ درخواست دہندہ پنجاب کا مستقل رہائشی اور قومی شناختی کارڈ کا حامل ہو۔ وہ صرف اپنے ضلع میں درخواست دے سکے گا۔ درخواست دہندہ یا اس کے اہل خانہ (بیوی یا بچے) کی ملک بھر میں کوئی جائیداد نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ کسی قسم کا کریمنل ریکارڈ، قانونی تنازع یا بینک ڈیفالٹ نہیں ہونا چاہیے۔ فراہم کردہ تمام معلومات درست اور حقیقی ہونی چاہئیں، ورنہ درخواست مسترد کر دی جائے گی۔

اسکیم کے تحت پلاٹ پر چھ ماہ کے اندر تعمیر کا آغاز اور دو سال کے اندر تعمیر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ پلاٹ کو پانچ سال تک نہ تو فروخت کیا جا سکے گا، نہ ٹرانسفر اور نہ ہی لیز پر دیا جا سکے گا۔ زمین صرف رہائشی مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں پلاٹ بغیر معاوضے کے منسوخ کر کے واپس لے لیا جائے گا۔ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی اس حوالے سے معائنہ کرے گی اور شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی قائم کرے گی۔

درخواست دینے کے لیے اہل امیدواروں کو سرکاری AZAG ای پورٹل پر رجسٹریشن کر کے فارم بھرنا ہوگا۔ ساتھ ہی شناختی کارڈ، آمدنی کا ثبوت اور جائیداد نہ ہونے کا حلفیہ بیان اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

یہ اسکیم پنجاب حکومت کے اس عزم کی عکاس ہے کہ کمزور طبقات کو نہ صرف چھت فراہم کی جائے بلکہ ان کے معیارِ زندگی میں بہتری اور سماجی انصاف کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں