ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس میں 4 ارب ڈالر کے معاہدے طے پا گئے

بیجنگ میں منعقدہ پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی، جہاں دونوں برادر ممالک کے درمیان 4 ارب ڈالر سے زائد کے تاریخی معاہدے طے پائے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے اسے پاکستان کے زرعی مستقبل کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

کانفرنس کے دوران زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے 24 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر اتفاق کیا گیا۔ ان معاہدوں میں جدید زرعی مشینری کی فراہمی، اعلیٰ معیار کے بیجوں کی تیاری اور اسمارٹ ایگریکلچر کے منصوبے شامل ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پریسیژن ایگریکلچر کے تحت ڈیٹا پر مبنی کھیتی باڑی سے پاکستان میں نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ غذائی تحفظ بھی مضبوط ہوگا اور برآمدی صلاحیت کئی گنا بڑھ جائے گی۔

کانفرنس کے دوران وزیرِ خوراک نے چین کی نمایاں کمپنیوں جی ڈی ایس پی، سانگیانگ اور جِنگ ہوا سیڈ کے نمائندوں سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔ ان کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین کی سالانہ 215 ارب ڈالر مالیت کی زرعی درآمدات پاکستان کے لیے بڑی منڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور پاکستان عالمی منڈی کے مقابلے میں کم قیمت پر معیاری زرعی اجناس فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں زرعی صنعت کے لیے جو پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں، ان سے پاکستان کے زرعی شعبے میں نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ ان پالیسیوں نے نہ صرف سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے ہیں بلکہ پاک چین تعلقات کو مزید گہرا اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری میں بدل دیا ہے۔

یہ معاہدے پاکستان کے کسانوں کے لیے امید کی کرن ہیں، کیونکہ اس سے جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کے مواقع میسر آئیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت مستقبل قریب میں پاکستان کو زرعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ زرعی برآمدات میں نئے دور کا آغاز کرے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں