لندن: برطانوی پولیس نے فلسطین کے حق میں لندن میں منعقدہ ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کے دوران 890 افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز لندن میں فلسطین کے حق میں ہونے والے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کے دوران 890 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں سے 857 مظاہرین کو ’’فلسطین ایکشن‘‘ نامی تنظیم کی حمایت کرنے پرحراست میں لیا گیا، جبکہ 33 دیگر افراد مختلف الزامات کے تحت گرفتار ہوئے، جن میں سے 17 پر پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
حکام نے مظاہرے سے قبل ہی واضح کر دیا تھا کہ اس تنظیم کی حمایت کرنے والے افراد کو حراست میں لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جولائی میں برطانیہ نے انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت ’’فلسطین ایکشن‘‘ پر پابندی عائد کی تھی۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا تھا جب تنظیم کے بعض اراکین نے اسرائیل کو برطانیہ کی فوجی امداد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رائل ایئرفورس کے ایک اڈے میں گھس کر فوجی طیاروں کو نقصان پہنچایا تھا۔
مظاہرین نے حالیہ احتجاج میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطین ایکشن پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کی جائے۔