بھارتی جیلوں سے رہائی پانے والے 67 پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے۔
بھارتی حکام نے رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق وطن واپس آنے والوں میں 19 عام شہری اور 48 ماہی گیر شامل ہیں۔
وطن واپسی پر رہائی پانے والے تمام افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیاروں کے پاس زندہ سلامت لوٹنا ان کے لیے خوش نصیبی ہے۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق حکام سہولت فراہم کرنے کے لیے واہگہ اٹاری سرحد پر موجود تھے۔ حکومتِ پاکستان بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔