ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان طے، اقتصادی جائزے کے بعد نئی قسط کی منظوری متوقع

اسلام آباد: پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایک ارب ڈالر کی نئی قسط کے حصول کے لیے مذاکرات رواں ماہ کے آخری عشرے میں ہوں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 25 ستمبر کو پاکستان پہنچے گا اور فریقین کے درمیان دوسرے اقتصادی جائزے پر تفصیلی مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اس دورے کے پیش نظر اقتصادی اعداد و شمار کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے تاکہ انہیں مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا جا سکے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب رہے تو آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کردی جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ مذاکرات اس 37 ماہ کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام کے تحت ہوں گے جس پر ستمبر 2024 میں دستخط ہوئے تھے۔ سات ارب ڈالر مالیت کے اس پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک دو اقساط کی صورت میں دو ارب ڈالر سے زائد رقم مل چکی ہے۔ نئے جائزے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید بہتری کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کلائمیٹ فنانسنگ کا ایک الگ معاہدہ بھی طے پا چکا ہے۔ اس کے تحت آئندہ 28 ماہ کے دوران پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی ماحولیاتی اور پائیدار ترقی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ مذاکرات نہ صرف قسط کی فراہمی کے لیے اہم ہوں گے بلکہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور ملکی معیشت کو سہارا دینے میں بھی مدد ملے گی۔ وزارتِ خزانہ پرامید ہے کہ معاہدہ کامیابی سے آگے بڑھے گا اور پاکستان کو پروگرام کے مطابق مزید فنڈز دستیاب ہوتے رہیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں