ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلا دیشی مشیر کی ملاقات، براہ راست پروازوں پر اتفاق

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلا دیشی مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں سب سے اہم نکتہ براہ راست فضائی پروازوں کی بحالی رہا جس پر دونوں جانب سے مثبت پیش رفت کا عندیہ دیا گیا۔ اس ملاقات میں پاکستان میں تعینات بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور برادرانہ وابستگیوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے عوامی روابط، علمی و تجارتی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی قیادت کو سراہا اور غربت کے خاتمے کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بنگلا دیش کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر خالد حسین نے وزیراعظم کے خیرمقدم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات تاریخی رشتوں اور مشترکہ عقیدے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر چیف ایڈوائزر پروفیسر یونس کا خط بھی وزیراعظم کو پیش کیا جس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر تعزیت اور امداد کی پیشکش کی گئی تھی۔

ملاقات میں براہ راست پروازوں کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس پر دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ اس اقدام سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور تجارتی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ اعلیٰ سطحی دوروں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

بنگلا دیشی مشیر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو ڈھاکا کے سرکاری دورے کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری سے نہ صرف خطے میں امن کو فروغ ملے گا بلکہ عوامی خوشحالی کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک مثبت سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں