پشاور:۔ ضلع خیبر کے علاقے تیراہ اکاخیل میں خوارج کی قائم کردہ آئی ای ڈی بنانے والی ایک فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 14خوارج ہلاک اور 10شہری جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ طاقتور دھماکہ اکا خیل کے ایک شہری علاقے کے قلب میں خوارج امان گل اور مسعود تشکیل کی قائم کردہ آئی ای ڈی فیکٹری میں ہوا جس سے قریب کے پانچ مکانات بھی تباہ ہو گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں 14خوارج ہلاک اور 10شہری جاں بحق ہوئے جنہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
مقامی عینی شاہدین نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گردوں نے اکاخیل کے گنجان آباد علاقے میں آئی ای ڈی بنانے کی فیکٹری قائم کر رکھی تھی۔ اس فیکٹری کے اندر ایک بڑا دھماکہ ہوا۔ جس نے ارد گرد کے گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس نے کہا کہ نام نہاد شہری بمباری کا بیانیہ ایک مایوس کن بدنامی کی مہم ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو کمزور کرنا ہے۔