نیویارک: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پر زور دیا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر حالیہ سیلاب کے اثرات کو فنڈ کے جاری معاشی جائزے میں شامل کیا جائے۔ یہ مطالبہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دیرینہ اور تعمیری شراکت داری کو سراہتے ہوئے فنڈ کی بروقت معاونت کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پروگرام کے مختلف اہداف اور وعدے پورے کرنے میں پیشرفت کر رہا ہے تاہم سیلاب سے معیشت پر پڑنے والے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر کرسٹالینا جارجیوا نے سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ نقصانات کے تخمینے اور بحالی کے مؤثر اقدامات نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے میکرواکنامک پالیسیوں پر عملدرآمد کے عزم کو بھی سراہا۔