تہران:۔ ایران نے پاکستان سعودی دفاعی معاہدے میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کردیا۔ پاسداران انقلاب کے کمانڈر اورسپریم لیڈر کے مشیرمیجر جنرل رحیم صفوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے لیے ایک عظیم معاہدہ ہے،ایران کو بھی اس معاہدے میں شامل ہونا چاہیے۔
میجر جنرل رحیم صفوی نے کہا کہ بارہ روزہ جنگ میں اسرائیل کے بارہ پائلٹ ہلاک ہوئے، دنیا کے ساٹھ فیصد ممالک کا ماننا ہے کہ جنگ میں ایران فتح یا ب ہوا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان نے ایسے دفاعی معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت کسی ایک پر حملہ دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
پاک سعودیہ پہلا دفاعی معاہدہ 1980ءمیں ہوا جسے دونوں ممالک نے امریکی دباﺅ کے باعث التوا میں رکھ دیا تھا، ممکنہ طور پر جوہری تعاون پر مبنی تازہ دفاعی معاہدہ ماضی کے اسی عہد و پیماں کا احیا ہو گا، تاہم معاہدے کے وقت اور مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتے حالات کے باعث اِس غیرمعمولی پیش رفت نے امریکہ سمیت پورے یورپ کو چونکا دیاہے۔