کراچی: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات میں موجود ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر کے ڈیپریشن میں بدل گیا ہے، جس کے باعث کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو، ٹھٹہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
سمندر میں شدید طغیانی کے پیش نظر ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی بھی متوقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔