خضدار: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں بڑے آپریشن کے دوران ’فتنہ الہندوستان‘ کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، جس کے نتیجے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خضدار کے علاقے زہری میں پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ آپریشن کے دوران 14 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 20 سے زائد دہشت گرد بھی زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق فتنۃ الہندوستان مسلسل ناکامیوں کا شکار ہے، جبکہ خضدار کے عوام نے سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہا، پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔
سیکورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ’فتنہِ الہندوستان‘ کے دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشن تیز رفتار انداز میں جاری رکھا جائے گا اور ملک کی امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے تمام عناصر کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔