ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سیلاب زدگان کی امداد حکمرانوں کی جیبوں میں گئی، بیرسٹر علی ظفر

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کاکہنا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں نے سیلاب زدگان کے ساتھ انصاف نہیں کیا، امداد عوام تک نہیں بلکہ حکمرانوں کی جیبوں تک پہنچی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق بیرسٹر علی ظفر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سندھ حکومت نے صرف کتابوں میں لوگوں کو ڈوبنے سے روکا جبکہ پنجاب حکومت کی امداد متاثرین تک پہنچی ہی نہیں، اس وقت مقابلہ اس بات کا نہیں کہ کس نے زیادہ کام کیا بلکہ اس بات کا ہے کہ کس نے زیادہ فوٹو سیشن کروایا۔

انہوں نے حکومتی رویے کو بے حسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پریس کانفرنسز کرنے اور ٹرک یا کشتی پر بیٹھ کر تصویریں بنوانے کا مقابلہ جاری ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سیلاب زدہ لوگ اپنی چھتوں پر خالی ہاتھ ہلاتے رہے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خاطر خواہ کام کرنے میں بری طرح ناکام رہیں، یہ صورتحال ایسی ہے جیسے دو افراد جھگڑ رہے ہوں کہ کس نے آگ لگانے کے لیے کم تیل چھڑکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومتیں عوام کی خدمت کے بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی ٹرافی کے لیے لڑ رہی ہیں۔ میں انہیں بے حسی، جھوٹ، نااہلی اور لالچ کی ٹرافیاں دیتا ہوں۔

بیرسٹر علی ظفر نے انکشاف کیا کہ پنجاب کے 4700 دیہات اب بھی سیلاب سے متاثر ہیں اور کئی خاندان خوراک، پینے کے پانی اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لیکن حکومتی ادارے باہمی اختلافات اور سیاسی مفادات میں الجھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے فوری اور شفاف اقدامات کیے جائیں اور تمام صوبوں میں امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں