شکارپور کے قریب سلطان کوٹ گاؤں کے نزدیک ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے ٹرین متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں چار مسافر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا ہے، جو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔web
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ریلوے ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، اور متاثرہ مسافروں کو بسوں کے ذریعے منزل تک پہنچانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جو تقریباً 8 سے 10 گھنٹے میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام 5 بجے سے قبل اس ٹریک پر کسی ٹرین کی آمد متوقع نہیں۔
دوسری جانب، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایس پی شکارپور سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔