اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مختلف ممالک میں اپنے کاؤنٹرز فعال کر دیے ہیں، تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو معیاری اور فوری خدمات کی فراہمی کے لیے مختلف ممالک کے پاکستانی سفارتخانوں میں نادرا کے کاؤنٹرز فعال کر دیے گئے ہیں۔ ان میں کینیڈا کے شہر مونٹریال اور وینکوور، اٹلی کا شہر میلان، بحرین کا دارالحکومت مناما، اور اردن کا دارالحکومت عمان شامل ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق جلد اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی نادرا کا نیا کاؤنٹر قائم کر دیا جائے گا، جس کے بعد یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے نادرا کی خدمات مزید آسانی سے دستیاب ہوں گی۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ ان کاؤنٹرز کے قیام کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کو بائیو میٹرک تصدیق، شناختی کارڈ کی تجدید، نیکوپ (NICOP) اور دیگر اہم دستاویزات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں پاکستان آنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔