ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکی ناظم الامور کی عطا تارڑ سے ملاقات، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون، سیاحت کے فروغ اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

امریکی ناظم الامور نے ملاقات کے دوران پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی امن کے لیے بھی مثالی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت کے استحکام، ترقی کے تسلسل اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی حکومتی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں ہمارے ہزاروں شہریوں اور جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ جدوجہد عالمی امن کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی ہے تاکہ عوام کو درست معلومات تک بروقت رسائی حاصل ہو اور غیر ذمہ دارانہ مواد کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی قانون سازی جاری ہے تاکہ میڈیا ورکرز کو بہتر سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع سے مالا مال ملک ہے، حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دلایا جا سکے۔

امریکی ناظم الامور نے سیاحت اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جسے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں