ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بھارت کا بڑا قدم: چار سال بعد کابل میں سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان

بھارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ چار سال بعد افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولے گا۔ بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے یہ اعلان جمعے کو افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ نئی دہلی میں ملاقات کے دوران کیا۔

عالمی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت نے 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کابل میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا، تاہم ایک سال بعد تجارت، طبی امداد اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کے لیے ایک چھوٹا مشن دوبارہ قائم کیا گیا تھا۔

جے شنکر نے ملاقات کے دوران کہا کہ “بھارت افغانستان کی خودمختاری، سالمیت اور آزادی کا مکمل احترام کرتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون علاقائی استحکام اور ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق بھارتی تکنیکی مشن کو اب مکمل سفارتخانے کی حیثیت دی جا رہی ہے۔

افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ “افغانستان بھارت کو قریبی دوست سمجھتا ہے” اور حالیہ زلزلے کے بعد بھارت سب سے پہلے امداد فراہم کرنے والا ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو باہمی احترام، تجارت اور عوامی روابط کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

فی الحال بھارت نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقاتوں اور بات چیت کے ذریعے تعلقات میں نرمی کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب متقی نے ماسکو میں ایک علاقائی اجلاس میں شرکت کی تھی، جس میں پاکستان، ایران، چین اور وسطی ایشیائی ممالک نے امریکا کی بگرام ایئربیس پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی تجویز کی مخالفت کی تھی۔

  • ویب ڈیسک
  • مرزا ندیم بیگ

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں