انقرہ: ترکیہ کی وزارت دفاع کاکہنا ہے کہ ترک مسلح افواج غزہ ٹاسک فورس کے حصے کے طور پر دی جانے والی کسی بھی ذمہ داری کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق وزارت دفاع کے ترجمان زکی آکتُرک نے کہا کہ ترک فوج ماضی میں دنیا کے مختلف خطوں میں قیامِ امن کے لیے بین الاقوامی اداروں کے تحت کئی مشنز میں حصہ لے چکی ہے اور اپنے پیشہ ورانہ معیار اور غیر جانبدارانہ کردار کے باعث ہر فریق کا اعتماد حاصل کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج، جو قیامِ امن اور اس کے استحکام میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، کسی بھی تفویض کردہ مشن کی انجام دہی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، ترکی کی ثالثی کی کوششوں کے نتیجے میں غزہ میں جنگ بندی طے پانا خوش آئند ہے، اب فوری ضرورت انسانی امداد پہنچانے اور تباہ حال خطے کی تعمیرِ نو شروع کرنے کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جنگ بندی ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام میں معاون ثابت ہوگی اور بالآخر دو ریاستی حل کی راہ ہموار کرے گی۔